مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ سنگیوٹ میں گذشتہ کئی برسوںسے تعمیر ہو رہے سب سنٹر کا کام ادھورا پڑا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔اس سلسلے میںعلاقہ کے لوگوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ ملازمین کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوںکہاکہ کئی سال پہلے سب سنٹر سنگیوٹ کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن تین چار سال گزر جانے کے باوجود ابھی تک چھت نہیں ڈالی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں ہم نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے اعلی احکام سے مل کر اپیل کی کہ سب سنٹر کے ادھورا پڑے کام کوجلدمکمل کیاجائے لیکن اس وقت تک متعلقہ محکمہ عمارت کی چھت ڈالنے میں ناکام ثابت ہوا ہے جبکہ علاقہ کے لوگ سب سنٹر کی عمارت نہ ہونے سے در در کی ٹھوکریں کھا نے پرمجبورہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گورنر انتظا میہ کوچاہیئے فوری طور ایک ٹیم تشکیل دے کر علاقہ میں بھیجی جائے اورمعاملہ کی تحقیقات عمل میں لائے اورغفلت شعاری کے مرتکب ملازمین اورمتعلقہ ٹھیکیدارکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ لاکھوں روپے صرف کرنے کے باوجود عمارت نا مکمل ہے اور چھت نہ پڑنے کی وجہ سے عمارت کھنڈرات نظر آرہی ہے جیسا کہ کئی سال قبل عمارت کا کام شروع ہوا اور ادھورا چھوڑ دیاگیاہے۔ علاقہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ فوری طور سب سنٹر سنگیوٹ کی عمارت کو مکمل کروایا جائے تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سلسلہ میں جب بلاک میڈیکل افیسر مینڈھر سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ کافی سالوں سے عمارت نا مکمل ہے اور متعلقہ ٹھیکیدار نے مزید کام نہیں کیا ہے ۔اس سلسلہ میں ان کا کہنا تھا کہ اب نئے ٹینڈر ڈالے گئے ہیں اور جلد عمارت کا کام مکمل کروایا جائے گا۔
سب سنٹرسنگیوٹ کی تعمیر پرخطیررقم صرف کرنے کے باوجودعمارت تشنہ تکمیل
