سبکدوشی کے روز چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ معطل | جاری کردہ حکم نامے التوا میں رکھنے کا حکم ، اے ڈی سی کشتواڑ تحقیقاتی افسر مقرر

کشتواڑ //ضلع میں اساتذہ کی ٹرانسفر لسٹ اپنی نوکری کے آخری دن جاری کرنے پر چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ کو معطل کیاگیا ہے۔اس ضمن میںعام لوگوں کی شکایت اور پرنسپل سیکریٹری سکول ایجوکیشن کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمارشرما نے چیف ایجوکیشن افسر کشتواڑ کو خراب نیت و نامناسب رویہ کی پاداش میں معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ معطلی کے حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ یہ حکام کی نوٹس میں لایا گیا تھا کہ چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ ،جوکہ30نومبر2012کو ریٹائر ہونے والے ہیں، نے اپنی ریٹائرمنٹ کے دن یعنی آخری روز اساتذہ کے تبادلے کا حکمنامہ جاری کیا جو مذکورہ افسر کے ناپاک ارادے کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ اس کے مطابق عوام کی شکایت پر ڈی سی کشتواڑ نے 30نومبر کوہی ریکارڈ ضبط کیا اور وہیں، ڈسپیچ رجسٹر کو کشتواڑ کے چیف ایجوکیشن آفیسر رشپال سنگھ چوہان کی تحویل سے لے لیا گیا  اور اس کی تصدیق کے بعدپتہ چلا کہ اساتذہ کے تبادلے کے احکامات ڈسپیچ رجسٹر پر درج ہیں جبکہ ان کے دفتری ریکارڈ میں ٹرانسفر کا کوئی آرڈر نہیں ملا۔ ضبط شدہ ڈسپیچ ریکارڈ کو دیکھنے کے بعد 396 اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے ڈسپیچ نمبر درج کیے گئے ہیں جس کی تاریخ27نومبر2021 بتائی گئی ہے جب کہ مذکورہ افسر25سے27نومبر تک چھٹی پر تھاجیسا کہ رخصتی درخواست زیر نمبر CEO/K/2021/25604-607 23 پر موجود ہے ۔ڈی سی کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے’’مذکورہ افسر نے اس طرح کا کام کیا ہے جو سرکاری ملازم کے لیے ناگوار ہے وہ بھی اس کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ پر‘‘۔اس لئے حکم  نامہ کے مطابق’’ تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ رشپال سنگھ چوہان کو معطل کر دیاجاتا ہے جبکہ اس کے علاوہ سبکدوش ہونے والے سی ای او کشتواڑ کے جاری کردہ احکامات کو بھی اگلے احکامات تک زیرالتواء رکھاجاتاہے‘‘۔حکم نامہ میں اے ڈی سی کشتواڑ کو انکوائری افسر کے طور پر مقرر کیاگیا ہے جو اس معاملے کی محتاط انکوائری کریں گے اور ا س دفتر کو 15 دنوں کے اندر مثبت طور پر اور سفارش کے ساتھ رپورٹ پیش کریں گے ۔
 
 

 معطلی افسوس کن:اک جٹ جموں 

کشتواڑ//عاصف بٹ//چیف ایجوکیشن افسر کی سبکدوشی کے روز معطلی کو لیکر اک جٹ جموں کے ضلع صدر منیشور افسوس کا اظہار کیاہے۔انھوں نے پریس کانفرس کے دوران کہا کہ جہاں اساتذہ کی ٹرانسفر لسٹ کوکئی مرتبہ نکالا گیا اور اسے منسوخ کیا گیا اوراگر اب اس لسٹ کو نکالا گیا تو انھیں انعام دینے کے بجائے اس کو منسوخ کیا گیا جبکہ بڑی مشقت و کئی برسوںکے بعد اس لسٹ کو نکالا گیا تھا۔انہوںنے کہا کہ اپنے چند ٹیچروں کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے یہاں کے سیاستدان ایسا کررہے ہیں جو یہاں کے تعلیمی نظام کیلئے اچھا نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر سی ای او کشتواڑ کو انصاف نہ ملاتو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔