رام بن//ضلع میں تعمیراتی کمپنیوں کی غیرفطری کارروائیوں کی وجہ سے رام بن کے علاقوں میں ماحول تیزی سے بدل رہا ہے۔عوام کا الزام ہے کہ جنگلات کے کٹائو کی وجہ سے ضلع کے عوام اور ماحولیات کے درمیان ایک بڑا خلیج پیدا ہوا ہے۔ضلع کے عوام کا کہناہے کہ جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ کو چار گلیارہ بنانے اور بانہال۔ کٹرہ ریل پروجیکٹ کیلئے پر پی ایم جی ایس وائی کے تحت کام سے قدرتی سبزار کو زک پہنچا ہے ا ور ان پروجیکٹوں کے عقب میں یہ قدرتی ماحولیات ختم ہو رہا ہے۔ان لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ درختوں کے کٹائوسے قدرتی ماحولیاتی نظام تیزی سے خطرے میں گر رہا ہے۔ان کا الزام ہے کہ ترقیاتی پروجیکٹوں کے نام پر ماحول کے عدم توازن کی وجہ سے ضلع میں بیماریاں سر اُٹھا رہی ہیں۔جس کا ثبوت ہسپتالوں میں بڑھتا ہوا رش ہے،جن میں سے بیشتر .ہوا کی آلودگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ایک ماہر ماحولیات کپور سنگھ نے کہا کہ ایک طرف تو سرکار لوگوں سے ماحول کو صاف و پاک بنانے کی اپیل کررہی ہے ، وہیں سڑک کو کشادہ کرنے یا کسی دیگر مقصد کے لئے درختوں کا کٹائو جاری ہے۔اُنہوںنے کہا کہ بجائے ہم ماحول کو آنے والی نسلوں کے لئے پاک و صاف بنائیں،ہم ماحول کو ہی خطر ناک بنانے میں لگے ہیں۔لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ چار لین بنانے کے مقصد سے بانہال سے ناشری تک درختوں کا صفایا کیا جارہا ہے،جسکی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔سرسبز ماحول کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے ماحول کو بچانے کے لئے موثر اقدام کرنے پر زور دیا ہے۔