سبزیوںکامنی پنجاب ’بوگام‘ بڈگام | اعلیٰ کوالٹی کے بیچ استعمال کرکے سبزیاں اگانا کسانوں کی اولین ترجیح

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر // بڈگام اضلاع کی سرحد پر واقع بوگام کو اپنی اعلی قسم کی سبزیوں کے لیے “چھوٹا پنجاب” کہا جاتا ہے۔ مقامی ضروریات پورا کرنے کے علاوہ، گائوں اور اس سے ملحقہ علاقوں سے سبزیوں سے لدے ٹرک شمالی ہندوستان کے مختلف شہروں میں پہنچ کر گائوں والوں کی قسمت بدل دیتے ہیں۔ سرینگر شہر سے 17 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس خوبصورت گائوں میں مقامی اور غیر مقامی مزدور تازہ سبزیوں کی پیکنگ کرنے میں ہر دن مصرف رہتے ہیں۔یہاں سے کڈم ساگ،پھول گوبھی، بند گوبھی، مٹر، گاجر،شملہ مرچ، پیاز، آلو، ٹماٹر اور دیگر اقسام کی اعلیٰ کوالٹی کی سبزیاں ہر روز مقامی منڈیوں کے ساتھ ساتھ باہر کی منڈیوں کو بھیجی جاتی ہیں۔مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے “ہمارے لیے، یہ سبزیاں نقد آور فصلیں ہیں، جو ہمیں سال بھر پیسے دیتی ہیں۔’’ اوسطاً ایک کنبہ 5کنال کی اراضی پر سبزیاں اگانے کے عوض 2.5 لاکھ کماتا ہے‘‘۔گائوں کے بیچوں بیچ ایک نہر جاتی ہے جس کے کناروں پر سبزیاں رکھ کر انہیں دھویا جاتا ہے اور بعد میں باہر کی منڈیوں کیلئے گاڑیاں میں روانہ کی جاتی ہے۔یہاں لوگ سیب اور دھان کی بجائے سبزیاں کاشت کرنا پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ سبزیوں کو اچھی نقد فصل کے طور پر دیکھتے ہیں۔2011 کی مردم شماری کے مطابق، بوگام بٹہ پورہ کا کل جغرافیائی رقبہ 258.6 ہیکٹر ہے اور اس کی کل آبادی 3,742 ہے۔یہاں کے سبزیوں کے بڑے بڑے کھیتوں میں سال بھر کاشتکار کا م کرتے ہیں۔ پہلے بہت کم لوگ سبزیوں کی کاشت کی طرف مائل ہوتے تھے لیکن جب لوگوں نے اچھا پیسہ کمانا شروع کیا تو زیادہ سے زیادہ لوگ سبزیوں کی کاشت کرنے لگے۔ یہاں سردیوں میں بھی سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے اور ہر ایک سبزیوں کے کھیت میں گرین ہائوسز بنائے گئے ہیں۔بوگام چاڑورہ میں 800ہیکٹر اراضی پر سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے اور مجموعی طور پر 18سے 20کروڑ کی آمدنی حاصل کی جاتی ہے۔

بڈگام کے40کسانوں کو | 250’ون راج‘ چوزے فراہم
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//فرنٹ لائن ڈیمانسٹریشن پروگرام کے تحت گریندبڈگام میں شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی کشمیرکے کرشی وگیان کیندر نے مرغ پالن کی تربیت اور چوزوں کی تقسیم کاری کاانعقادکیا۔پروگرام کے دوران 250ون راج مرغ مفت 40کسانوں کو فراہم کئے گئے ۔اس موقعہ پرڈاکٹردل محمد مخدومی ڈائریکٹر ایکسٹینشن سکاسٹ کے ،مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے اس موقعہ پرمرغ پالن کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اس سے دیہی علاقوں میں خوراک اور تغذیہ میں بہتری آئے گی۔ڈاکٹر بلال احمد لون نے کرشی وگیان کیندر بڈگام کی طرف سے زیروٹیکنالوجی گیپ کے تحت بڈگام میں کئے جارہے اقدامات کاخلاصہ کیا۔