اننت ناگ //کوکرناگ اور ڈورو ویری ناگ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کے مسائل و مشکلات میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ،بجلی بحران کی اصل وجہ کم صلاحیت والا ساگم گرڈ اسٹیشن ہے جو بار بار اُورلوڈنگ کے باعث بند کرنا پڑتا ہے ۔ محکمہ پی ڈی ڈی نے سال2011میں ساگم کوکرناگ میںگرڈ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا۔50میگاواٹ صلاحیت والے گرڈ اسٹیشن کی تقدیر 09برس گزر نے کے باوجود نہیں بدلی جو مشینری یا ٹرانسفارمر قیام کے وقت نصب کی گئی تھی ،اس کو تبدیل کرنے کی سمت توجہ نہیں دی گئی ،جس کے باعث گرڈ اسٹیشن اُورلوڈ ہورہا ہے اور صارفین کو بار باربجلی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔132/33 KV 50 MVA-گرڈ اسٹیشن ساگم پر وسیع آبادی کا دبائو ہے ،گریڈ اسٹیشن پر کوکرناگ،دندی پورہ ،ہلڑ برنگ،شنکر پورہ،ڈورو،ٹول پوسٹ ،نوگام شاہ آباد اور پولیہ ویری ناگ رسیونگ اسٹیشن کا انحصار ہے جن میں کل 104.6میگاواٹ ٹرانسفارمر نصب ہے ۔تاہم درکار اور ترسیل میں تفاوت کے باعث صارفین کو بار بار بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا کر نا پڑتا ہے جو کسی عذاب سے کم نہیں ہے ۔محکمہ بجلی کے آفسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بار بار بجلی کٹوتی کی اصل وجہ کم صلاحیت والا گرڈ اسٹیشن ہے ۔اُنہوں نے کہا محکمہ نے جو بجلی کٹوتی شیدول جاری کیا ہے اُس کے مطابق میٹریافتہ علاقوں میں 4گھنٹے جبکہ غیر میٹر یافتہ علاقوں میں 8گھنٹوں کی بجلی کٹوتی ہوگی۔تاہم یہاں صورتحال مختلف ہے اورلوڈنگ کے سبب محکمہ مشکل سے صارفین کو 24گھنٹوں میں 10سے11گھنٹے بجلی فراہم ہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا سیاست دانوں نے جگہ جگہ ووٹ بنک کی خاطر رسیونگ اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا تاہم جس پر اصل توجہ دینے کی ضرورت تھی اُس پر دھیان نہیں دیا گیا۔ڈورو سٹیزن فورم کے ایگزیکٹو ممبر اشفاق کیلو کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی سردیوں کے مقابلے میں امسال غیر معمولی کٹوتی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ جہاں دعویٰ کررہا ہے کہ میٹرڈ اور سنگل لائین تار کا استعمال کرنے کے بعد بجلی چوری کے امکانات پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے ،اگر ایسا ہے تو صارفین کو کم وولٹیج اور زیادہ کٹوتی کا سامنا کیوں کرنا پڑتا ہے ؟کیلوکے مطابق جب تک محکمہ ساگم گرڈ اسٹیشن کی صلاحیت میں اضافہ نہیں کرے گا تب تک لوگوں کو زمستانی موسم میں پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑے گا۔