سرینگر//تعلیمی شعبہ کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ سکولوں سے ہی نئی نسل کو تعلیم و تربیت حاصل ہوتی ہے اور آگے چل کر یہی نئی نسل قوم کے معمار بنتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے کل شہر خاص کے دورے کے دوران مختلف سکولوں کا معائینہ کرنے کے دوران کیا۔ اس دوران انہوں نے کائو محلہ بائز ہائرسکینڈری سکول میں جاری کام کا جائزہ لیا جس پر پہلے ہی 2کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ ساگر نے اس سکول کی تعمیر کیلئے مزید ایک کروڑ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ساگر نے کئی سکولوں کا بھی دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے کئی سکولوں کا درجہ بڑھانے کی سفارشات کیں تھیں اور یہ سفارشات منظور کرلی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک خوش آئند اقدام ہے لیکن حکومت کو چاہئے کہ ان سکولوں میں معقول اور مناسب سہولیات خصوصاً اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسکین باغ میں ماہردمہربان ٹرسٹ میں قائم گرلز ہائی سکول کو ہائرسکینڈری سکول کا درجہ دیا گیا ہے،اس کے ساتھ ساتھ بائز ہائی سکول نوہٹہ کو ہائرسکینڈری ، مڈل سکول دری بل کو ہائی سکول اور مڈل سکول مخدوم صاحب کو ہائی سکول کا درجہ دیا گیا ہے۔ اُن کے ہمراہ محکمہ تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر ، چیف اور زونل ایجوکیشن افسران، میونسپلٹی اور آر اینڈ بی کے حکام بھی تھے۔