ساوجیاں میں ہولناک آتشزدگی

منڈی// ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں چار رہایشی مکانات خاکستر ہوگئے ۔جمعرات کی بعد دوپہر ساوجیاں کے گگڑیاں علاقہ میں چار رہائشی مکانات جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بجلی شار ٹ سرکٹ سے ان مکانات کے متصل پڑی ہوئی گھا س میں پہلے آگ لگی جس نے بعد بہت جلد ہی آگ نے چاروں رہایشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ اگر چہ مقامی لوگوں فوج اور پولیس نے آگ کو بجھانے کی کوششیں کی تاہم آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔مکینوں نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ مختصر سے عرصہ میں آگ نے چاروں رہایشی مکانات کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ۔ادھر فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی گاڑی بھی اگر چہ منڈی سے بیس کلو میٹر کی مسافت طے گگڑیاں پہنچی مگر تب تک آگ نے اپنا کام تمام کیا ہوا تھا۔ پولیس پوسٹ ساوجیاں کے انچارج ایس آئی کارتک رینہ نے کشمیر عظمی کو بتا یا کہ ابھی تک تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ ہی بتایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مکانات کے متصل پڑی ہوئی گھاس میں آگ لگی بعد ازاں اس ہولناک آگ میں چار مکانات خاکستر ہو گئے جن میں کافی زیادہ مالی نقصان بھی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے مکانات جل گئے ان کی شناخت بشیر احمد ولد حبیب اللہ، مشتاق احمد ولد گلزار احمد، غلام رسول ولد عبدلحد، جاوید احمد ولد عبدل حمید سکنہ چھول گگڑیاں کے طور پر ہوئی ہے۔