جموں//سانبہ ضلع میں سول انتظامیہ کی جانب سے 200 کنال سے زائداراضی کو بازیاب کروالیاگیاہے جو مبینہ طور پر وجے پور سے تعلق رکھنے والے سابق کابینہ وزیر کے قبضہ میں تھی۔پرمنڈل روڈ پر جے سی بی مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے تجاوزات مخالف مہم شروع کی گئی جس دوران پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری علاقے میں تعینات تھی۔ایس ایس پی سانبہ شکتی پاٹھک نے بتایاکہ انہوں نے 200کنال سے زیادہ اراضی حاصل کی ہے جہاں ایک فارم ہائوس ، باغ اور گیسٹ ہائوس قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ اس زمین کے ایک اور حصے میں تارکول پلانٹ اور کرشرقائم کیا گیا تھا جوپرمنڈل۔ کنجوانی روڈ پر ندی پر تھا۔پاٹھک نے بتایا کہ بازیاب کی گئی اراضی کا دعویٰ ایک خاتون رانو دیوی کے ذریعہ کیاگیا۔ ایس ایس پی نے کہا’’ہم جائیداد کے حوالے سے محکمہ مال کے ریکارڈ سے جانچ کریں گے‘‘۔ایس ایس پی سانبہ نے بتایا’’حاصل کی جانے والی اراضی کی پیمائش کی جارہی ہے‘‘۔جب سابق کابینہ وزیر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔وہیں رانو دیوی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ نجی زمین جس پر مبینہ طور پر تجاوزات کی گئی تھی ،وہ اس کے کنبہ کی ہے۔اس نے بتایاکہ یہ ان کے والد ترلوک رام کی نجی ملکیت ہے۔