جموں//جموں و کشمیر میں سیب کے باغات اب صرف وادی کشمیر تک ہی محدود نہیں بلکہ صوبہ جموں کی سرزمین پر بھی سخت ترین گرمی کے باوصف سیب کے باغ تیار ہونے لگے ہیں۔ صوبہ جموں کے ضلع سانبہ میں ایسے سیب کے باغ تیار ہیں جو 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی پھل دے رہے ہیں۔ضلع سانبہ کے ایک گاؤں 'راجڈی'، جو جموں سے صرف 22 کلو میٹر دوری پر واقع ہے، میں ایسے سیب کے باغات تیار ہیں جن کے پھل بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہیں۔ایک مالک باغ نے میڈیا کو بتایا کہ اس جگہ کے بغیر 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت میں سیب کے باغات اور کہیں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں چار ایسے باغات لگائے ہیں اور مزید باغ لگانے کا منصوبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے باغ میں پانچ سو پیڑ لگے ہیں جن سے دو ڈھائی سو کوئنٹل سیب نکلتے ہیں۔موصوف نے کہا کہ کشمیر میں سیب ماہ اکتوبر کے آس پاس دستیاب ہوتے ہیں جبکہ یہاں مئی کے وسط سے ہی سیب تیار ہو کر بازاروں میں دستیاب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا: 'یہ سیب کافی طاقت ور بھی ہیں اور رسیلے بھی ہیں، ایسے موسم میں یہ دستیاب ہونا بڑی بات ہے، یہ مئی کے وسط سے ہی تیار ہوتے ہیں اور آخری جون تک رہتے ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سیب سستے بھی ہیں اور بازاروں میں سو روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں۔موصوف نے کہا کہ یہاں کے زمینداروں کو یہ باغات لگانے چاہئے تاکہ ان کی آمدنی میں اضافہ بھی ہو سکے اور یہ پھل زیادہ سے زیادہ مقدار میں بازار میں دستیاب بھی ہو سکے۔