سانبہ //ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سانبہ نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ریاست کی چیف جسٹس ، جسٹس گیتا متل کی موجودگی میں بھیرپور سانبہ میں ایک میگا لیگل اور جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا ۔ جسٹس گیتا متل نے روائتی دیپ جلا کر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کیمپ کاافتتاح کیا۔ مہمانِ خصوصی نے وہاں لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کر کے لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائیزہ لیا ۔ کیمپ میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کر کے مرکزی اور ریاستی سرکاروں کی معاونت والی سکیموں اور اُن کے قانونی پہلوؤں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔چیف جسٹس نے دیگر مہمانوں کے ساتھ اس موقعہ پر پیش کئے گئے کلچرل پروگرام کا مشاہدہ کیا اور بعد میں مستحقین میں امداد اور اسناد تقسیم کی ۔ کیمپ کے دوران مختلف سکیموں کی جانکاری فراہم کرنے کے علاوہ سرکاری محکموں کے اہلکاروں نے تشہیری مواد تقسیم کیا ۔ کیمپ میں عدلیہ ، زراعت ، فلوریکلچر ، باغبابی ، مال ، سماجی بہبود ، بھیڑ و پشو پالن ، فشریز ، دستکاری ، ہینڈ لوم ، دیہی ترقی ، آئی سی ڈی ایس ، آئی سی پی ایس ، موٹر وہیکلز اور صحت سمیت 35 محکموں نے اپنے سٹال لگائے تھے ۔