سال نو کی پہلی جھڑپ،حد متارکہ پر ایک ملی ٹینٹ جا ں بحق | اننت ناگ جھڑپ میں کمانڈر سمیر ڈار کی ہلاکت کا امکان:پولیس

کپوارہ// وادی میں سال 2022کے پہلے ہی دن مسلح تصادم آرائی ہوئی جس میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا۔یہ تصادم لائن آف کنٹرول پر ہوا۔پولیس نے بتایا کہ شمالی کشمیر کپوارہ کے متارکہ پر جمہ گنڈ ترہگام علاقہ میںمسلح جھڑپ شروع ہوئی، جس میں شام دیر گئے تک ایک عدم شناخت جنگجو جا ں بحق ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ جمہ گنڈ کرناہ علاقے میں پڑتا ہے یہ دوردراز علاقہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیم اگرچہ جھڑپ کے مقام کی جانب روانہ ہوئی تاہم  ابھی تک انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ادھرجموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر کے اننت ناگ انکاؤنٹر میں مارے جانے والے ملی ٹینٹوں میں سے ایک غالباً جیش محمد سے وابستہ اعلیٰ کماندڑ سمیر ڈار ہے جو لیتہ پورہ پلوامہ حملے میں ملوث زندہ بچ جانے والا آخری جنگجو تھا۔بتادیں کہ اننت ناگ کے ڈورو شاہ آباد علاقے میں 30 دسمبر کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والے تصادم میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے تھے ۔پولیس کے مطابق مہلوکین میں سے ایک پاکستانی جبکہ دو دیگر مقامی جنگجو تھے ۔کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘اننت ناگ میں 30 دسمبر کو ہوئے انکاؤنٹر میں مارے جانے والے جنگجوؤں میں سے ایک کی تصویر جیش محمد کے اعلیٰ کمانڈر سمیر ڈار سے ملتی ہے جو لیتہ پورہ پلوامہ حملے کا زندہ بچ جانے والا آخری جنگجو تھا’۔ٹویٹ میں کہا گیا: ‘تاہم اس کی ڈی این اے سیمپل میچنگ کی جائے گی’۔قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں سی آر پی ایف کی ایک کانوائے پر 14 فروری 2019 کو خود کش حملہ ہوا تھا جس میں زائد از چالیس سی آر پی ایف اہلکار از جان ہوئے تھے ۔