سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا، یاتریوں کیلئے انتظامات جاری

 پونچھ//ہر سال کی طرح اس بار بھی بڈھا امرناتھ یاترا 17اگست سے شروع ہو رہی ہے۔اس حوالے سے جہاں ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے وہی بجرنگ دل ودیگر ہندو تنظیموں کی طرف سے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔بجرنگ دل کے ضلع صدر نیشو گپتا نے اس سلسلہ میںکشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بڈھا امرناتھ یاترا ہر سال کی طرح اس بار بھی عقیدت و احترام سے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اوراگست کی 17تاریخ کو جموں سے پہلا قافلہ پونچھ کیلئے روانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران بڈھا امرناتھ پر آنے والے قافلوں کے لئے اکھنور اور سندر بنی میں ناشتے کا اہتمام رہے گاجبکہدوپہر کا کھانا راجوری میں ہوگا اور بی جی اور دھندک میں بھی کھانے پینے کااہتمام کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں گورنمنٹ ڈگری کالج گرائونڈ میں یاتریوں کا استقبال کیاجائے گاجو یہاں کی روایت بھی رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رات کے کھانے کا انتظام گرائونڈ میں ہی ہوگا اور اس کے بعد آرام کے لئے دشنامی اکھاڑہ پونچھ، کالج ہال پونچھ، آئی ٹی آئی پونچھ، گیتا بھون پونچھ اور دیگر محفوظ مقامات پر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ سے بڈھا امرناتھ کے لئے ہر روز صبح 5بجے یاترا روانہ ہو ا کرے گی جہاں چٹانی بابا کے درشن کے بعد ناشتہ کر کے یاتریوں کو واپس اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوںنے ہمیشہ یاترامیں تعاون دیاہے اور اس بار بھی ایسی ہی امید ہے ۔