سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا پرچم ہماری ریاست کی انفرادیت کی علامت ہے اور ہماری جماعت اس کی حرمت بنائے رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ضلع سرینگر کے خواتین ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحد اور یک زبان ہوکر ہی اپنے مفادات ، احساسات اور جمہوری و آئینی حقوق کی رکھوالی کرسکتے ہیں، ٹولیوں میں تقسیم ہونے سے ہمارا دشمن آسانی سے اپنے ناکام عزائم میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ریاست کے عوام اور سیاسی جماعتوں کو تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر جموںوکشمیر کی وحدت، انفرادیت، اجتماعیت اور مذہبی ہم آہنگی کیخلاف ہورہی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کسی بھی صورت میں مردوں سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہی خواتین کیلئے پنچایتوں میں 33فیصدی ریزرویشن دی اور میڈیکل کالجوں میں 50فیصدی نشستیں مختص رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت میں آکر خواتین کی بااختیاری کیلئے مزید کام کریگی اور نئی پالیسیاں متعارف کرے گی۔اس موقعے پر خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کیا۔