عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ(EOW) کشمیر نے کپوارہ میں سرکاری ریونیو ریکارڈ میں مبینہ طور پر ہیرپھیر اور چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں ایک سابق پٹواری کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔ ایک بیان میں کہاگیاکہ ایف آئی آر نمبر 33/2021 کے تحت یہ چارج شیٹ سب جج،جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کپوارہ کی عدالت میں سابق پٹواری لیاقت علی خان ولد محبوب اللہ خان، ساکنہ بابا پورہ ہایہامہ، کپوارہ کے خلاف پیش کی گئی ہے۔ ملزم مبینہ جرم کے وقت پٹواری کے عہدے پر تعینات تھا اور فی الوقت نائب تحصیلدار کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔
کرائم برانچ کے مطابق یہ پورا معاملہ ایک ایسی شکایت پر مبنی ہے، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے ہایہہامہ گنڈی ثناء کے حلقہ جات میں موجود مشترکہ آبائی زمین کو دھوکہ دہی سے اپنے اور اپنے بھائی کے نام منتقل کرنے کیلئے ریونیو ریکارڈ میں ہیرا پھیری کی تھی۔ تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ملزم نے اپنے سرکاری عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے خسرا گردواری رجسٹروں میں جھوٹی اندراجات کیں، سرکاری ریکارڈ کے صفحات تبدیل کئے ور آبائی زمین کی ملکیت اور قبضے کو غلط طریقے سے ظاہر کرنے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کیں۔اگرچہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی بروقت اور درست کارروائی کی وجہ سے زمین پر ناجائز ملکیت حاصل کرنے کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی تھی، تاہم تفتیش کے دوران ملزم کیخلاف آر پی سی کی دفعات 167، 417، 466 اور 468کے تحت جرائم کے کافی ثبوت پائے گئے ہیں۔ اب یہ چارج شیٹ عدالتی فیصلے اور قانونی کارروائی کے لیے مجاز عدالت کے سامنے پیش کر دی گئی ہے۔