نیوز ڈیسک
جموں//سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر جناب ایم ایم کھجوریا کی شاستری نگر شمشان گھاٹ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ جموں و کشمیر پولیس اہلکاروںکے چاک و چوبند دستے نے سابق ڈائریکٹر جنرل کو ایک رسمی گارڈ آف آنر پیش کیا۔آخری رسومات میں سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کی ایک کثیر تعداد جن میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ، ریٹائرڈ چیف سکریٹریز بی آر کنڈل،بی آر شرما، ریٹائرڈ ڈی جی پی اشوک بھان اور ڈاکٹر ایس پی وید اورہوم گارڑز و سی ڈی/ ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ بی سری نواسن، اسپیشل ڈی جی کرائم اے کے چودھری، اے ڈی جی پی ایس جے ایم گیلانی، ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال،مکیش سنگھ، ایم کے سنہا، دانش رانا، آلوک کمار، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے رخصت شدہ افسرکوخراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ ایم ایم کھجوریا گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے اور ڈی جی پی دلباغ سنگھ کل رات ہی آنجہانی کو عقیدت پیش کر نے کے لئے ان کے گھر گئے تھے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدر دی کا اظہا ر کیا۔ ڈی جی پی نے کہا ہے کہ مر حوم افسر کو عوام اور محکمہ کے تعیں ان کی خدمات کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ایم ایم کھجوریا جموں و کشمیر کے دوسرے ڈی جی پی تھے اور انہوں نے سال 16-01-1985 سے لے کر 25-05-1986 تک فورس کی قیادت کی۔ انہیں جموں و کشمیر کے ایسے پہلے پولیس افسر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے جسے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) میں شامل کیا گیا تھا۔