سرینگر //جمعرات کو سابق وزراء سمیت کلسٹریونیورسٹی کے وائس چانسلر اور سماجی کارکنان کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں ان سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔سابق وزراء پر مشتمل ایک وفدجن میں سنیل شرما اور ڈاکٹر دیویندر کمار منیال اور سابق قانون ساز ویبود گپتا نے لیفٹیننٹ گورنر کو پی آر آئی کی مضبوطی ، منریگا کے تحت ادائیگی ،سڑک رابطوں کی مرمت اور تجدید آیوشمان بھارت سکیم کے تحت فوائد میں توسیع سے متعلق مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ممبروں سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مطالبات کو ترجیہی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی راج نظام کے قیام کے ساتھ نچلی سطح پر جمہوری سیٹ اپ کو بااختیار بنایا گیا ہے۔منریگا کے معاملے پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ادائیگیوں کی بروقت اجرائی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ضروری ہدایات پہلے ہی دی جا چکی ہیں ۔دریں اثنا ، کلسٹریونیورسٹی سرینگر کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) قیوم حسین نے لیفٹیننٹ گورنر کو تعلیمی اور انتظامی اہمیت کے مختلف امور کے بارے میں بتایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وائس چانسلر کو مشورہ دیا کہ خصوصی مضامین میں اہم خلیج کو دور کرنے کیلئے جدید اور اسٹریٹجک مداخلت کریں اس کے علاوہ تمام کالجوں کے کام کاج میں ای لرننگ کو لازمی جزو بنائیں۔بعد میں کپواڑہ سے تعلق رکھنے والی مصنف اور سماجی کارکن فدا فردوس نے لیفٹیننٹ گورنر کو نوجوانوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اسی طرحTrailblazers ریسرچ فاؤنڈیشن کے صدر اماد مخدومی نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں کوویڈ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔