گاندربل//گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں سابق رکن اسمبلی محمد مقبول بٹ کے انتقال پر دوسرے دن بھی ان کے گھر پر متعدد سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیت پرسی کی جن میں نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، کانگریس، اپنی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ محمد مقبول بٹ کا انتقال گزشتہ روز ہوا۔مرحوم پچھلے چار ماہ سے کافی علیل تھے ۔موصوف کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ گاندربل کے پہلے شخص تھے جنہوں نے گریجویشن کی تھی۔انہوں نے گریجویشن مکمل کرکے دو ماہ کے لئے گورنمنٹ ہائی سکول گاندربل میں استاد کی حیثیت سے فرائض انجام دئے ۔سرکاری ملازمت کوخیرباد کرکے موصوف نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری حاصل کی تھی لیکن وکالت کو بھی مختصر مدت کے بعد خیر بادکیا اور سیاست میں قسمت آزمائی کی۔ موصوف 1967 اور 1972 میں دو مرتبہ کانگریس کی ٹکٹ پر حلقہ انتخاب گاندربل سے منتخب ہوئے تھے۔دو مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے پر انہوں نے گاندربل کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں مرتبہ اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوناپڑا۔مرحوم نے 1975 میں اس وقت گاندربل سے استعفیٰ دے دیا جب اندرا عبداللہ ایکارڑ ہوا اورمرحوم شیخ محمد عبداللہ گاندربل سے پہلی مرتبہ انتخاب لڑکر وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے ۔