ڈوڈہ //بھاجپا لیڈر و سابق ممبر اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار نے'سیوا ہی سنگھٹن' پروگرام کے تحت تحصیل کاہرہ و چرالہ کے کئی دیہات کا دورہ کرکے سینکڑوں کنبوں میں راشن،ماسک،سینیٹائزر و دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ انہوں نے ضلع نائب صدر سیوا ہی سنگھٹن سنجے صراف، منڈل صدر گندوہ ہرناد سنگھ، منڈل صدر چرالہ بھوشن کمار و دیگر بھاجپا کارکنوں کی موجودگی میں جوڑا، ہلارن، یوجا،سیچل،گلو،جیاء کے سینکڑوں کنبوں میں ضروری اشیا کے ساتھ ماسک و سینیٹائزر بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ کوؤڈ 19 کے بحران کے دوران بھدرواہ، بھلیسہ و ٹھاٹھری کے تیس کنبوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ قیادت کی ہدایات پر بی جے پی ورکر گھر گھر جا کر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ پریہار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور پینتالیس سال سے اوپر کے افراد کو ٹیکے لگوائیں تاکہ اس مہلک وباء سے محفوظ رہ سکیں۔