سائنسدانوں اورماہرین کا برطانیہ میں ملک گیرلاک ڈاؤن کا مطالبہ

لندن// برطانیہ کے چیف سائنٹسٹ سمیت طبی مشیروں اور سائنسدانوں نے حکومت پر ملک گیرلاک ڈاؤن لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ماہرین نے کہا ہے کہ نئی قسم کا کورونا وائرس ہر جگہ ہے ، چوتھے درجے کا لاک ڈاؤن نہ لگایا تو ہزاروں جانیں جاسکتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم پہلی قسم سے زیادہ مہلک نہیں ہے ۔ یورپی کمیشن نے رکن ملکوں سے برطانیہ پر عائد سفری پابندیاں مکمل طور پر اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔واضح رہے کہ اتوار کو فرانس نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔ ان پابندیوں کے باعث اس وقت ڈوور بندرگاہ کے قریب یوروپ جانے والی تین ہزار کے قریب لاریاں پھنسی ہوئی ہیں۔ برطانیہ اور فرانس کے مابین سرحد کھولنے کا معاہدہ طے پا گیا، ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹس شیپس کے مطابق برطانیہ سے فرانس کے درمیان زمینی، فضائی اور بحری سفر آج سے دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے ۔فرانس کے وزیر ٹرانسپورٹ جان بیپ ٹِسٹ نے کہا ہے کہ فرانس آنے والے مسافروں کو کووڈ ٹسٹ کروانا ہوگا۔یواین آئی