سائنا اورسری کانت ٹوکیو اولمپک نہیں کھیل پائیں گے

نئی دہلی//اولمپک میڈلسٹ ہندوستان کی اسٹاربیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کا ٹوکیو اولمپک میں کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ سائنا اس سال ہونے والے ٹوکیواولمپک کے لئے کوالیفائنگ نہیں کرپائیں۔ ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن نے اس بات کی اطلاع دی ہے۔ سائنا کے ساتھ ساتھ کدامبی سری کانت بھی ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہیں ہوپائے۔ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن نے واضح کیا کہ کوالیفکیشن مدت کے اندرکوئی اورٹورنامنٹ نہیں ہوگا اورموجودہ رینکنگ لسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ دنیا کے سابقہ نمبرایک مردکھلاڑی سری کانت اورلندن کھیلوں (2012 اولمپک) کی برونز میڈلسٹ سائنا کی امیدیں تقریباً اسی وقت ٹوٹ گئی تھیں جب کووڈ-19 وبا کے سبب سنگاپور میں ہونے والے اولمپک کوالیفائر کے آخری ٹورنامنٹ کو منسوخ کردیا گیا تھا۔بی ڈبلیو ایف نے کہا، ’’بی ڈبلیو ایف تصدیق کرتا ہے کہ ٹوکیو 2020 اولمپک کھیلوں کے کوالیفائنگ وقت کے اندر اب کوئی اور ٹورنامنٹ نہیں کھیلا جائے گا۔ ٹوکیو کھیلوں کی کوالیفائنگ مدت آفیشیلی طور پر 15 جون 2021 کوختم ہورہی ہے، ایسے میں موجودہ ریس ٹوٹوکیو رینکنگ میں تبدیلی نہیں ہوگی۔