سائبر پولیس کشمیر زون کی کارروائی

سرینگر//سائبر پولیس کشمیر زون کی بروقت کارروائی سے 19 لاکھ کی خطیر رقم ٹھگنے سے بچا لی گئی۔سائبر پولیس کو دھوکہ دہی سے متعلق ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ ای کامرس کمپنی کا ویب پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے سامان وخدمات کی نقل و حمل کے بہانے 19 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی انجام دی جارہی ہے۔سائبر پولیس کے مطابق شکایت کنندہ سامان کی نقل و حمل کا خواہشمند تھا اور اس نے گوگل پر تلاش کے دوران ایک ای کامرس کمپنی کے ویب پورٹل دستیاب سے معلومات فراہم ہوئیں۔ شکایت کنندہ نے جعلی کمپنی کے ویب پورٹل کے موبائل نمبروں پر رابطہ کیا جہاں دوسری طرف سے دھوکہ بازوں نے اسے کم قیمت پر سامان کی منتقلی اور خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔دھوکہ دہی کی پیشکش سے متاثر ہوکر شکایت کنندہ نے 19لاکھ روپے کی آن لائن ادائیگی کردی۔رقم کی وصولی کے بعد جعلی کمپنی غائب ہوگئی کیونکہ شکایت کنندہ کمپنی سے دوبارہ رابطہ نہیں کر پایا جس پر شکایت کنندہ کوفرضی ویب پورٹل کے ذریعے جعلسازوں کے ذریعہ دھوکہ دہی کا احساس ہوا۔ اس موقع پر فوری طور پر شکایت کے ازالے کے لیے سائبر پولیس کشمیر زون سرینگر سے رجوع کیا گیا۔تحریری شکایت موصول ہونے کے فورا ًبعد شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے لین دین کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے معاملہ بینک حکام کے ساتھ اٹھایا گیا۔بنک سے لین دین کی تفصیلات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 19 لاکھ روپے کی مذکورہ بھاری رقم RTGSکے ذریعے منتقل کی گئی تھی۔ سائبر پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے19 لاکھ روپے بچا لئے گئے اورپوری رقم شکایت کنندہ کے بینک اکائونٹ میں جمع کر دی گئی۔