زیندار محلہ حبہ کدل اورپٹن میںلوگ صاف پانی سے محروم

سرینگر//شہر سرینگر کے زیندار محلہ حبہ کدل علاقہ میںپینے کے صاف پانی کی قلت کے نتیجے میںلوگوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوںنے کئی مرتبہ اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے افسران کو بھی مطلع کیا تاہم کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔انہوں نے گورنر انتظامیہ اورمتعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔پٹن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پینے کی پانی کی شدید قلت سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ قصبہ پٹن، پلہالن اور بورن گجنی پورہ کے لوگوں کاکہنا ہے کہ گرمی کے ان ایام میںبھی انہیں پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔لوگوں کاکہنا ہے کہ پٹن پلہالن واٹر سپلائی سکیم سے پٹن ، پلہالن اور بورن گنجی پورہ کے ہزاروں صارفین کیلئے پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن اب اس سکیم پر مزید کئی علاقوں کا بوجھ ڈالا گیا جس کے سبب سپلائی متاثر ہوگئی۔ مذکورہ علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں صبح اور شام دو دو گھنٹوں کیلئے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ مذکورہ علاقوں کے لوگوں کاکہنا ہے کہ پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے 6انچ پائپ لائن نصب کرنے کی سکیم کو منظوری ملی ہے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس پر کام شروع نہیں کیاگیا۔اس سلسلے میں جل شکتی محکمہ کے جونیئر انجینئر مراد حسین نے بتایا کہ پٹن واٹر سپلائی سکیم کا نام ریجنل پٹن سکیم ہے ،جو پورے28گائوں کیلئے ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ سکیم مخصوص علاقوں کیلئے نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگ گاڑیوں کو دھونے کیلئے پینے کا پانی استعمال کرتے ہیں جس کے سبب گرمیوں کے ان ایام میں پانی کی قلت پائی جاتی ہے۔ کے این ایس