محمد امین میر
کرناٹک حکومت نے بدھ (13 مارچ 2024) سے زمین کے ریکارڈ کی خودکار تبدیلی (آٹومیٹک میوٹیشن) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دلالوں کے کردار کو ختم کیا جا سکے اور زمین مالکان کو تحصیلدار دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔
آئی ٹی صنعت کے ماہرین نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ زمین کو بینک میں رہن رکھنے، جائیداد کی تقسیم، زمین کے حصول، اور عدالتی احکامات سے متعلق مقدمات میں خودکار طریقے سے ریکارڈ کی تبدیلی ممکن ہو سکے گی۔
تقریباً 72فیصد تبدیلیاں جو پہانی/RTC (ریکارڈ آف رائٹس، ٹیننسی اور فصلیں) میں کی جاتی ہیں، اب خودکار نظام کے ذریعے بغیر کسی انسانی مداخلت کے مکمل ہوں گی۔ موجودہ نظام میں پہانی میں تبدیلی کے لیے ریونیو انسپکٹرز کے انگوٹھے کے نشانات درکار ہوتے ہیں، لیکن نئے نظام سے سرکاری مداخلت مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ تمام تبدیلیوں کی تفصیلات آن لائن پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔
کون سی تبدیلیاں خودکار طریقے سے ممکن نہیں؟
ریاست میں پچھلے چھ ماہ کے دوران RTC میں 72فیصدتبدیلیاں خودکار طریقے سے ممکن ہوئیں، جب کہ 28فیصدمعاملات میں یہ ممکن نہیں۔ بیع نامہ (سیل ڈیڈ)، تقسیم نامہ (پارٹیشن ڈیڈ)، وراثت، نابالغ سرپرستی، اور متنازعہ زمینوں کے معاملات میں خودکار میوٹیشن ممکن نہیں ہوگا۔ ان معاملات میں درخواست گزاروں کو 15 دن کا نوٹس دیا جائے گا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ زمین کے ریکارڈ کی خودکار تبدیلی سے عوام کے لیے آسانی پیدا ہوگی، سرکاری دفاتر کے چکر لگانے میں ضیاع ہونے والا وقت بچے گا، افسران کا بوجھ کم ہوگا، اور دلالوں کے کردار کا خاتمہ ہوگا۔
اتوار کو سب رجسٹرار دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں شہری علاقوں میں سب رجسٹرار دفاتر اتوار کے دن بھی کھلے رہیں گے۔ ہر شہر میں ایک سب رجسٹرار دفتر باری باری اتوار کے دن کام کرے گا تاکہ سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کو سہولت ملے۔
چونکہ بہت سے ملازمین ہفتے کے دن دفاتر جانے سے قاصر ہوتے ہیں، اس لیے اتوار کو دفاتر کھولنے کا اقدام عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، صرف وہی افراد جو پہلے سے وقت لے چکے ہوں گے، وہی اتوار کے دن رجسٹریشن یا دیگر معاملات کے لیے دفتر جا سکیں گے۔
ریاست میں 10 شہری کارپوریشنز ہیں، اور بنگلورو میں پہلے ہی اتوار کے دن دفاتر کھلے ہوتے ہیں، مگر عوام کی کم آگاہی کی وجہ سے زیادہ لوگ فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اتوار کو کام کرنے والے ملازمین کو منگل کے دن چھٹی دی جائے گی، کیونکہ اس دن رجسٹریشن کے معاملات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔دیگر ریاستوں کو بھی جدید نظام اپنانے کی ضرورت جیسے کرناٹک نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زمین کے ریکارڈ کو خودکار بنایا ہے، اسی طرح ہمارے محکمہ مال نے بھی تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ خاص طور پر ’’آپ کی زمین، آپ کی نگرانی‘‘ آن لائن پورٹل کے ذریعے تمام زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ اس شاندار کام کے لیے محکمہ مال، پٹواریوں اور فنانشل کمشنر ریونیو کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
عوام نے زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا خیر مقدم کیا ہے، لیکن ڈیجیٹل شدہ جمع بندیوں میں موجود غلطیاں اب بھی کئی زمین مالکان کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہیں، کیونکہ ان کے ریکارڈ ڈیجیٹل ڈیٹا سے مطابقت نہیں رکھتے۔
اب وقت کی ضرورت ہے کہ ہمارے آن لائن نظام کو کرناٹک کے خودکار نظام کے برابر لایا جائے، تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کا قیمتی وقت بچایا جا سکے۔
[email protected]