یو این آئی
نئی دہلی// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نوکری کے لیے زمین’گھپلے میں منگل کو راؤز ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی، جس میں بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، ان کی رکن پارلیمنٹ بیٹی میسا بھارتی، ہیما یادو اور دیگر کا نام شامل ہے ۔راؤز ایونیو کورٹ نے ای ڈی کو منگل کو ہی چارج شیٹ اور دستاویزات کی ای کاپیاں داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے معاملہ 16 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے ۔ای ڈی نے چارج شیٹ میں امیت کٹیال اور ہردیانند چودھری کا نام بھی شامل کیا ہے جو مبینہ طور پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہیں ای ڈی نے زمین کے بدلے نوکری کے گھپلے میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار بھی کیا تھا۔سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) مسٹر لالو پرساد یادو، ان کے کنبہ اور کئی دیگر افراد کے خلاف ملازمت کے لیے زمین کے معاملے میں تفتیش کر رہے ہیں۔مبینہ گھپلہ اس وقت ہوا جب مسٹر لالو پرساد متحدہ ترقی پسند اتحاد-1 کابینہ میں ریلوے کے وزیر تھے ۔