راجوری//اپنی نوعیت کی مسافروں کیلئے پہلی چاپر سروس جموں سے سرحدی قصبے تک شروع ہوئی۔خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے سول سوسائٹی ممبران ، مقامی قانو ن ساز اسمبلی کے ممبران اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران کی موجود گی میں سپورٹس سٹیڈیم سے پانچ مسافروں کو لے کر ایک چاپر کو جھنڈی دکھا کر ر وانہ کیا۔اس موقعہ کو ایک تاریخی موقعہ قرار دیتے ہوئے وزیر نے راجوری کے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا ہونے پر لوگوں کو مبارک باد دی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر چودھری ، ایم ایل سی وبودھ گپتا ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، اے ڈی سی اے ایس چب، اے سی آر عبدالقیوم ، ایس ایس پی یو گل منہاس اور ضلع انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔میڈیا افراد اور لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ہوائی ، سڑک رابطہ اور ریلویز ترقی کے ضامن ہے اور موجودہ حکومت نے ان تین چیزوں کو ترجیح دی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کشتواڑ ، پاڈر ،گریز ،راجوری اور پونچھ کے لئے ریاستی حکومت نے ہوائی سروس کا انتظام کیا ہے ۔سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے عزم پر عمل کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے جی آر ای ایف اور دیگر ایجنسی کو ہدایت دی ہے کہ ضلع کی تمام بڑی سڑکوں پر بہت جلد میکڈم بچھایا جائے۔وزیر نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان پروازوں کا وقت اور تاریخ کے بارے میں بھرپور جانکاری لوگوں کو دیں تاکہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر راجوری نے ہوائی سروس کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ایم ایل اے قمر چودھری اور ایم ایل سی وبود گپتا نے بھی عوام کو اس موقعہ پر مبارک باد دی۔
زمینی و فضائی روابط بہتر بنانے کیلئے وعدہ بند: ذوالفقار
