سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ پی ڈی پی بھاجپا مخلوط اتحاد میں تال میل کے فقدان سے انتظامیہ مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جس کے سبب عوام کو کافی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر حکومت کا کہیں نام و نشان نہیں، موجودہ سرکار سیاسی اور انتظامی طور پر انتشار اور خلفشار کی شکار ہوگئی ہے جس سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے،اس وقت عوام کو سب سے سنگین مسئلہ بجلی کی صورت میں درپیش ہے کیونکہ بجلی کا کہیں نام و نشان نہیں، میٹر والوں علاقوں میں ہر دن 10گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے اور غیر میٹر شدہ علاقوں کا تو خدا ہی حافظ ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی والوں نے الیکشن سے قبل عوام کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کے وعدے کئے تھے ، 24گھنٹے بجلی کی فراہمی تو دور کی بات پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے 3سال میں بجلی کی سپلائی میں پوزیشن میں ذرا بھر بھی بہتری نہیں آئی ہے، الٹا سپلائی پوزیشن ہر سال ابتر ہی ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے اقدامات اُٹھانا تو دور کی بات پی ڈی پی سرکار عوام کو اب وہ سہولیات میسر رکھنے سے بھی قاصر ہے جو سابق حکومتوں کے دوران عوام بآسانی میسر رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بری طرح عوام کے سامنے ننگی ہوگئی ہے اور اب قلم دوات والوں کے پاس جھوٹے پروپیگنڈا ، فریب کاری اور مکاری کرنے کے سوا کچھ باقی نہیں رہا ہے۔