جموں //گورنر کے مشیر کے سکندن نے ایک میٹنگ کے دوران زعفران فصل کے معیار میں بہتری لانے کے پروگرام کا جائیزہ لیا اور پلوامہ میں زعفران پارک کی صورتحال سے متعلق رپورٹ طلب کی ۔ اس میٹنگ میں سیکرٹری زراعت منظور احمد لون ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ایچ کے راجدھان اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ناظمِ زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی جو زعفران سے متعلق قومی مشن کے مشن ڈائریکٹر بھی ہیں ، نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیر موصوف نے زعفران کی کاشت کے مختلف پہلوؤں بشمول پیداوار ، سوئیل ہیلتھ کارڈز کی تقسیم کاری اور تاجروں کے رجسٹریشن کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس موقعہ پر انہیں زعفران کے قومی مشن کی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ پلوامہ ، بڈگام ، سرینگر اور کشتواڑ میں 120 دیہات میں 32401 کنبے زعفران کی کاشتکاری کے ساتھ منسلک ہیں ۔ پلوامہ میں زعفران پارک کے بارے میں مشیر کو بتایا گیا کہ یہ پارک تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ زعفران پارک کو جلد از جلد چالو کریں ۔ کشتواڑ میں مجوزہ زعفران پارک سے جُڑے امور کو بھی اس موقعہ پر زیر بحث لایا گیا ۔ کے سکندن نے زعفران کھیتوں میں آبپاشی کے نئے نظام کی تنصیب سے متعلق بھی جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس کام پر روزانہ کی بنیادوں پر نظر گذر رکھیں ۔ انہوں نے زعفران سیکٹر سے جُڑے لوگوں اور کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔