مشتاق الاسلام
پلوامہ //پانپورہ علاقے میں زعفران اراضی میں’ ڈرپ آبپاشی کے طریقہ‘ کیلئے پائپوں کا غلط استعمال کرنے والے کسانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائی ہے۔محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر محمد اقبال چودھری نے کہا کہ “محکمہ زراعت کی جانب سے زعفران کے کھیتوں کی آبپاشی کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی پائپیں بچھائی گئی ہیں،لیکن کچھ کسانوں نے ان کا غلط استعمال کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2010 میں مرکز کی طرف سے منظور کیے گئے قومی زعفران مشن کے تحت اراضی کیلئے ڈرپ سسٹم متعارف کرایا گیا۔تاکہ زعفران کی اراضی کی آبپاشی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ناظم زراعت کے مطابق ان کی نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ کسانوں نے ان پائپوں کو غیر ضروری مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ چودھری نے علاقے کے حالیہ دورے کے دوران زعفرانی اراضی کی سینچائی کے بجائے پائپوں کے غلط استعمال کو نوٹس کرتے ہوئے ملوثین کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی اونتی پورہ کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے کہ وہ پائپوں کا غلط استعمال کرنے والے کسانوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔