عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ترال پلوامہ نے ریاستی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ کوآپریٹو کو 31دسمبر 2025 کو جموں میں منعقدہ تقریب کے دوران سیکنڈ بیسٹ کوآپریٹو ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس ایوارڈ کے تحت کوآپریٹو کو 25 ہزار روپے نقد انعام، توصیفی سند اور شال پیش کی گئی، جو منظم شہد پیداوار اور کسانوں کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے کوآپریٹو تحریک کو مضبوط بنانے میں اس ادارے کی قابلِ ستائش خدمات کا اعتراف ہے۔ اس مقابلے میں شوالک ہلز ہنی ایف پی او، چڈوال، کٹھوعہ نے پہلا انعام حاصل کیا۔ایوارڈ باضابطہ طور پر بال کرشن ایڈیشنل رجسٹرار، محکمہ کوآپریٹوز، حکومت جموں و کشمیر نے پیش کیا۔ محکمہ کوآپریٹوز کی جانب سے یہ اعزاز اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بہتر طرزِ حکمرانی والی کوآپریٹوز اور ایف پی اوز پائیدار روزگار، ویلیو ایڈیشن اور مقامی پیدا کنندگان کو بہتر مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔یہ ایوارڈ کوآپریٹو کی جانب سے عبید احمد ریشی، چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اراکین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے وصول کیا۔یہ اعزاز کوآپریٹو کے رکن شہد پالنے والے کسانوں، بورڈ اور فیلڈ عملے کی مشترکہ محنت اور لگن کا مظہر ہے، جنہوں نے مسلسل بہتر طریقہ کار اپنانے، معیار برقرار رکھنے اور رسائی بڑھانے کے لیے کام کیا۔