نئی دہلی//یو این آئی// سابق کانگریسی صدر راہل گاندھی نے کسانوں کی تحریک کے سلسلے میں حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کسی کا نام لئے بغیر کل کہا کہ حکومت کے دو اعلی رہنما صرف دو صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کے مشہور نعرے 'ہم دو ہمارے دو ' کے اصول پر کام کررہے ہیں۔لوک سبھا میں 2021-22 کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ، مسٹر گاندھی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ چار افراد کون ہیں اور ان کے نام لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان دونوں لوگوں کے ذریعہ کیے گئے فیصلے سے براہ راست فائدہ ان کے دو صنعت کار دوستوں کو ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تین زرعی مخالف قانون لیکر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ کسان تحریک صرف کسانوں کی ہی نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک کی تحریک ہے ۔