عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے کرشی وگیان کیندر (KVK)سرینگر اور بڈگام کی سائنسی مشاورتی کمیٹیوں کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے زرعی توسیع، اختراع اور پائیدار کاشتکاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔اجلاس میں 2025-26کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 2026-27کیلئے لائح عمل پیش کیا گیا۔ مباحثوں میں موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی ٹیکنالوجی، فرنٹ لائن مظاہرے، کسانوں کی تربیت، زرعی کاروبار، قدرتی کاشتکاری، شہری زراعت اور دال جھیل کے اطراف سبزیوں کی کاشت سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر نذیر احمد گنائی نے کہا کہ اختراع، ویلیو ایڈیشن، فوڈ پروسیسنگ اور منڈی سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کو فروغ دے کر دیہی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں کرشی وگیان کیندروں کی کسانوں تک جدید زرعی ٹیکنالوجی پہنچانے اور مہارتوں کی ترقی میں خدمات کو سراہا۔اس موقع پر کے وی کے بڈگام میں ہائی ڈینسٹی چیری باغ، کسٹم ہائرنگ سینٹر، دو ہائی ٹیک پولی ہاسز، انسولیٹڈ مشروم یونٹ اور قدرتی کاشتکاری کے لیے بائیو ریسورس سینٹر کا افتتاح بھی کیا گیا، جبکہ دونوں مراکز کی نئی مطبوعات بھی جاری کی گئیں۔