لندن//انگلینڈ کے تیز گیند باز مارک ووڈ، جنہیں گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران کہنی کی چوٹ لگی تھی، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا حصہ نہیں بن پائیں گے ۔ کرک انفو کو معلوم ہوا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے سپر جائنٹس کے لیے موصول ہونے والی میڈیکل اپ ڈیٹ میں ووڈ کو بولنگ سے باہر کردیا گیا ہے ۔ فرنچائز نے فی الحال متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ ووڈ کو سپر جائنٹس نے فروری میں میگا آئی پی ایل نیلامی میں 7.5 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ تاہم کہنی کی چوٹ کے بعد ووڈ کی آئی پی ایل میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ای سی بی سے جمعہ کو ووڈ کی چوٹ کا تفصیلی جائزہ متوقع ہے ۔ ووڈ کے باہر ہونے سے سپر جائنٹس کو بہت زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ ان کے پاس مارکس اسٹوئنس، جیسن ہولڈر اور دشمنت چمیرا کی شکل میں تیز گیند بازی کے دیگر آپشنز موجود ہیں لیکن ہولڈر اور اسٹوئنس بین الاقوامی سیریز کی وجہ سے ابتدائی میچوں میں حصہ نہیں لے پائیں گے ۔ انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ سیریز 28 مارچ کو ختم ہونے والی ہے ، جس دن سپر جائنٹس اپنا پہلا میچ گجرات ٹائٹنز کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی سیریز اپریل کے پہلے ہفتے تک چلے گی۔ چمیرا ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف دو میچوں کے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے لیکن اب وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں۔