ماونٹ مونگانوئی/پاکستان کے کپتان بابراعظم اور امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ سے چوٹ کے سبب باہر ہوگئے ہیں۔ بابر کی غیرموجودگی میں محمدرضوان ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے ۔بابر کو گزشتہ ہفتہ ٹریننگ سیشن کے دوران داہنے انگوٹھے میں جبکہ امام کے بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بیان جاری کرکے بتایا کہ ٹیم کا طبی اسٹاف ان دونوں کھلاڑیوں کی چوٹ پر نگرانی رکھے ہوئے ہے اور ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے دوسرے ٹسٹ میچ میں کھیلنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی نے ٹسٹ سیریز کے لئے 17 رکنی ٹیم میں عمران بٹ کو بھی شامل کیا ہے ۔ کوچ مصباح الحق نے کہا ‘‘ ٹی-20 کو دیکھتے ہوئے ہم نے ٹسٹ میں کچھ تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ۔ مجھے امید ہے کہ ٹیم اس فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔’’انہوں نے کہا کہ پہلا ٹسٹ شروع ہونے سے تقریباً دو ہفتے پہلے بابر اعظم زخمی ہوگئے اور ان کے لئے بغیر نیٹس سیشن کے ٹیم میں کھیلنا مشکل ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ دیگر کھلاڑی ٹی۔ 20 سیریزمیں اپنی ناقص کارکردگی کو فراموش کرکے ٹسٹ سیریز کی شروعات بہتر طریقہ سے کریں گے ’’۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے بیچ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جارہی ہے جس میں نیوزی لینڈ نے دو۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ دونوں ٹیموں کے مابین 26 دسمبر سے ماونٹ مونگانوئی میں پہلا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔
زخمی بابراعظم اور امام الحق نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میچ سے باہر
