جموں// کورونا لاک ڈائون کے چوتھے مرحلے میں دی گئی نرمیوں کے تحت بدھ کو صوبہ جموں میں 63 دنوں کے بعد تجارتی سرگرمیاں مشروط طور پر جبکہ وادی کشمیر میں محدود پیمانے پر بحال ہوئیں۔جموں کے تمام بازاروں میں بدھ کو زائد از دو ماہ کے بعد رونق لوٹ آئی اور لاک ڈاؤن مرحلہ چار کے تحت تمام دکانیں کھلی رہیں۔ سڑکوں پر لوگوں اور نجی گاڑیوں کی نقل و حمل بھی جاری رہی اور لوگوں کو دکانوں پر سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف چیزوں کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔جموں وکشمیر میں وادی کے دس میں سے آٹھ اضلاع کو ریڈ زون کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کو آرینج زون میں رکھا گیا ہے۔ریڈ زون قرار دیے گئے اضلاع میں اشیائے خورد نوش جیسے پھل، سبزیوں اور بیکری وغیرہ کے دکانوں کو ہی محدود وقت تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی نیز نجی دفاتر میں صرف 33 فیصد ملازمین کی حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔
زائد از دو ماہ بعد جموں میں تجارتی سرگرمیاں بحال
