عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ ضلع کے کچن میں منگل کوجنگلی ریچھ نے رہائشی علاقے میں ایک خاتون پر حملہ کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی ۔خاتون کی شناخت نسیمہ بیگم زوجہ محمد رفیق ملک کے طور پر ہوئی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب خاتون اپنے گھر کے قریب معمول کا کام کر رہی تھی جس دوران جنگلی جانور اچانک نمودار ہوا اور اس پر حملہ اور ہوا اور اسے شدید زخمی کردیا۔اس کی چیخ و پکار سن کر اہل خانہ و مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور نسیمہ بیگم کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک بتائی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے رہائشی علاقہ کے قریب جنگلی جانوروں خاص طور پر ریچھوں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔مکینوں کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں جنگلی جانوروںکی مسلسل موجودگی سے جان و مال کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلع انتظامیہ سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔