۔4نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وادی کشمیر کو اگلے سال یعنی 2022 میں ریل لنک کے ذریعے کنیا کماری سے جوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبے میں بھی کچھ بڑے فیصلے ہوئے ہیں جن کے تحت ہم اکتوبر میں سرینگر سے شارجہ کیلئے پہلی بین الاقوامی پرواز شروع کرنے جا رہے ہیں۔منوج سنہا نے یہ باتیں پیر کو شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں مختلف روڈ پروجیکٹس کے سنگ بنیاد یا تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری کے ہمراہ 3612 کروڑ کی سرمایہ کاری والے 4نیشنل ہائی وے پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا اور کام کے آغاز کوہری جھنڈی بھی دکھائی۔انہوں نے کہا: 'دریائے چناب پر بننے والا برج اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، اس کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی وادی کشمیر اگلے سال ریل لنک کے ذریعے کنیا کماری سے جڑ جائے گی'۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اکتوبر میں شارجہ کے لئے بین الاقوامی پرواز شروع کرنے کی بدولت یہاں کی معیشت کو عروج ملے گا۔ یہ سچ ہے کہ ٹرانسپورٹ تبدیلی لاتا ہے اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ سڑکوں کی تعمیر میں تین گنا تیزی لائی گئی ہے '۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے ایک دو برسوں کے دوران تمام طرح کے ترقیاتی پروجیکٹوں میں تیزی لائی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا: 'ہماری کام کرنے کی رفتار دوگنی نہیں بلکہ تین گنا بڑھ گئی ہے ۔ پچھلے سال ہم نے 5200 کلو میٹر سڑک کی میکڈامایزیشن کی ہے ۔ رواں سال کا ہدف آٹھ ہزار کلو میٹر ہے '۔