سرینگر//مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور ٹیکسٹائیل محترمہ درشنا جاردوش نے کہا ہے کہ ایک بار مکمل ہونے کے بعد ریلوے نیٹ ورک کشمیر کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا ۔ وزیر مملکت مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے حصے کے طور پر کشمیر کے دورے پر ہیں ۔ سرینگر ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ جاردوش نے کہا کہ اودھمپور ۔ سرینگر ۔ بارہمولہ ریل لنک منصوبہ آزادی کے بعد ہندوستان کا سب سے زیادہ مہتو اکانکشی ریلوے منصوبہ ہے اور ریلوے تمام ڈیڈ لائین کو پورا کرنے کیلئے پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اپنی ٹپو گرافی کی وجہ سے ایک چیلنجنگ علاقہ ہے لیکن ریلوے جدید ٹیکنالوجی اور سرشار افرادی قوت کے ساتھ تمام چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ریلوے ملک کے کونے کونے تک ترقی لے جانے کیلئے پُر عزم ہے اور مرکزی حکومت کے ایجنڈے میں کشمیر کا درجہ بلند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم آتم نربھر بھارت کی بات کرتے ہیں تو ریلوے کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ محترمہ جاردوش نے کہا کہ عام آبادی کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ریلوے نیٹ ورک بھی خاص طور پر کشمیر جیسی جگہ پر حفاظتی نقطہ نظر سے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سے قبل دن میں وزیر نے ریل کے ذریعے بانہال ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں کی کاروائیوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران ٹنل T-80 کنٹرول روم اور ٹنل 144 کا معائینہ کیا ۔ محترمہ جاردوش نے اپنے بانہال کے دورے کے دوران نیو یگ روڈ ٹنل کا معائینہ بھی کیا اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔ بانہال سے واپسی پر وزیر ایک مختصر معائینہ کیلئے قاضی گنڈ ریلوے اسٹیشن پر رُکے ۔ وزیر نے سرینگر ریلوے میں بانہال اور قاضی گنڈ کے دورے سے واپسی پر ایک سوچھتا بیداری پروگرام میں بھی حصہ لیا ۔