گول//گول کے سنگلدان، برالا اور اندمیں مقامی لوگوں نے (اے جی ای )ریلوے تعمیراتی کمپنی پٹیل کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ مقامی لوگوں نے تعمیراتی کمپنی کی جانب سے برتے جا رہے استحصالی رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کمپنی یہاں پر کام کر رہے مزدوروں کا حق تلف کر رہی ہے ۔ مزدورو ں کو کسی بھی قسم کا الائونس نہیں دیا جا رہا ہے ۔یہاں پر مظاہرین نے صحافیوں سے بات کر تے ہوئے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ تمام مزدوروں کو برابر کی اُجرت دی جانی چاہیے لیکن کمپنی اثر رسوخ کی بنیاد پر مزدوروں کا الگ الگ اُجرت دیتے ہیں، ایسے میں اُن مزدروں کا حق تلف کیا جاتا ہے جو بغیر اثر رسوخ کے تعمیراتی کمپنی میں کام کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے تعمیراتی کمپنی پر استحصال برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کمپنی مقامی سیاست دانوںاور انتظامیہ کے ساتھ ساز باز رکھ کر غریب مزدوروں کو کم اُجرت پر کام کراتی ہے ۔ اس موقعہ پر یونین صدر کرشن سنگھ نے کہا کہ ہم مزدوروں کے اس طرح سے ہورہے استحصال کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور تب تک احتجاج میں اِن لوگوں کے ساتھ ساتھ رہیں گے جب تک تعمیراتی کمپنی ان مزدوروں کے ساتھ انصاف نہیں کرے گی ۔ مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر کہا کہ جب جب بھی ہم تعمیراتی کمپنی کی جانب سے برتی جا رہی نا انصافی کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تب تب کوئی نہ کوئی سیاست دان ہمارے احتجاج کو سیاسی رنگت دیکر اپنا فائدہ اٹھاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی جب یہاں پر تعمیراتی کمپنی کے خلاف احتجاج کیا گیا تو اُس وقت بھی چند مفاد پرست سیاست دانوں نے ضلع انتظامیہ اور تعمیراتی کمپنی کے حکام سے مل مزدروں کے مطالبات کو ٹھنڈے بستے کی نذر کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح سے ریلوے تعمیراتی کمپنی پٹیل ، مقامی سیاست دان اور انتظامیہ آپسی ملی بھگت سے غریب لوگوں کا استحصال کر رہی ہے ۔ مظاہرین نے موجودہ وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ گول کے اِ ن غریب لوگوں پر اپنی توجہ مبذول کریں جو ریلوے تعمیراتی کمپنی پٹیل اور انتظامیہ کے استحصال کا شکار ہے ۔