عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکام نے اتوار کو سرینگر میں ریزرویشن کے مسئلہ پر طلبا کے مجوزہ احتجاج کو ناکام بناتے ہوئے شیر کشمیر پارک کو سیل کردیا۔اوپن میرٹ کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے طلبا کو پولو ویو، سرینگر اور شیر کشمیر پارک میں جمع ہونا تھا، جہاں سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ گپکار روڈ کی طرف احتجاجی مارچ کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ مظاہرے کی قیادت روح اللہ کو کرنی تھی، جو موجودہ ریزرویشن پالیسی کو معقول بنانے کا مطالبہ کرنے والے طلبا کی حمایت کر رہے ہیں۔تاہم، طے شدہ احتجاج سے پہلے، حکام نے پولو ویو سے لیکر شیر کشمیر پارک تک کے علاقہ کو سیل کردیا۔پولو ویو میں میونسپل پارک کو سیل کیا گیا تھا، جہاں طلبا کو جمع ہونا تھا۔ پولو ویو کے چوراہے کو بھی بند کیا گیا تھا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ میونسپل پارک کے مین دروازے کو سیل کر کے پارک کی طرف کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ آغا روح اللہ ،وحید الرحمان پرہ اور التجا مفتی نے دعویٰ کیا کہ انہیں خانہ نظر رکھاگیا ہے جبکہ سرینگر کے سابق میئر جنید متو نے بھی خانہ نظر بندی کا دعویٰ کیا۔آغا روح اللہ کے دفتر نے X پر ایک پوسٹ میں اپنے گھر کے باہر تعینات پولیس گاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا’’مسلح پولیس ایم پی روح اللہ مہدی کی رہائش گاہ کے باہر تعینات کر دی گئی ہے‘‘۔ اس اقدام پر سوال اٹھاتے ہوئے، پوسٹ نے پوچھا کہ کیایہ ’’ایک پرامن، طلباء کے حامی مظاہرے کو خاموش کرنے کے لیے پیشگی کریک ڈاؤن ہے ‘‘ اور کہا کہ احتجاج کے منصوبے جاری رہیں گے۔اھرپی ڈی پی نے بھی تصدیق کی کہ وحید پرہ کو خانہ نظر بندرکھاگیا ہے۔ پارٹی نے X پر ایک پوسٹ میں کہا’’آدھی رات کووحید پرہ کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ طلباء کے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کو ہتھیار کیوں بنایا جا رہا ہے؟‘‘۔التجا مفتی نے خانہ نظر بندی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا’’دوسروں کی طرح مجھے بھی آج سری نگر میں گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں کے عدم تحفظ اور بے حسی کی کوئی حد نہیں ہے۔ نئے کشمیر میں یہ معمول ہے۔ مجھے جسمانی طور پر روکنے کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی ایک پوری نفری گیٹ پر تعینات ہے ‘‘۔پولیس نے مبینہ طور پر احتجاج کو منظم کرنے میں ملوث کئی نوجوان رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا ہے، یہاں تک کہ طلباء نے ریزرویشن کو معقول بنانے پر فوری کارروائی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔