بائیو میڈیکل ویسٹ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتب اٹھارہ تشخیصی مراکز اور لیبارٹریاں بند کرنے کا حکم
محمد تسکین
رام بن // جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی نے ضلع رام بن میں ماحولیاتی اور بائیو میڈیکل ویسٹ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 18تشخیصی مراکز اور کلینیکل لیبارٹریوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔یہ کاروائی بانہال ، کھڑی ، اْکڑال ، گول ، سنگلدان ، رامبن اور بٹوٹ میں کام کرنے والے کلنکل لیبارٹریوں اور دیگر تشخیص مراکز کے خلاف کی گئی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے مورخہ 24 نومبر 2025 کے مطابق یہ لیبارٹریاں بایومیڈیکل ویسٹ مینجمنٹ رولز 2016 کے تحت لازمی اجازت نامے کے بغیر کام کر رہی تھیں اور ساتھ ہی واٹر (پریوینشن اینڈ کنٹرول آف پولیوشن) ایکٹ 1974 اور ایئر (پریوینشن اینڈ کنٹرول آف پولیوشن) ایکٹ 1981 کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔جو مراکز بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں میں ریان کلینکل لیبارٹری بانہال، الشفاء کلینکل لیبارٹری اْکھڑال، بسمہ اللہ ڈائیگناسٹک سینٹر بانہال، ملک کلینیکل لیبارٹری بٹوٹ، سمائیل ڈینٹل کلینک رامبن، ہیلتھ کیئر اینڈ کلینیکل لیبارٹری کھڑی، نورز سمائیل ڈینٹل کلینک رامبن، ملک کلینیکل لیبارٹری سنگلدان، اے سی ای ڈائیگناسٹک سینٹر بانہال، میڈی ورلڈ ڈائیگناسٹک سینٹر ناگبل بانہال، الفا ڈائیگناسٹک سینٹر بانہال، راگھوناتھ ڈائیگناسٹک سینٹر رامبن، کیئر ویل ڈائیگناسٹک سینٹر رامبن، کھانڈے ہسپتال بانہال، پرائم کلینیکل لیبارٹری رام بن، مایا ڈائیگناسٹک لیبارٹری رامبن، جان کلینیکل لیبارٹری بانہال اور ہائی ٹیک کلینیکل لیبارٹری بانہال شامل ہیں۔ جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی کے مطابق تمام طبی اداروں پر لازم ہے کہ وہ بائیو میڈیکل فضلہ کو اکٹھا کرنے، ذخیرہ کرنے اور ٹھکانے لگانے کیلئے پیشگی اجازت اور تحریری منظوری حاصل کریں تاہم متعلقہ لیبارٹری مالکان نے متعدد نوٹس جاری ہونے کے باوجود اس پرعمل نہیں کیا، جس میں آخری نوٹس 7 فروری 2025 کو دیا گیا تھا۔تازہ معائنہ کے دوران ڈویژنل آفیسر جے کے پی سی سی رام بن نے تصدیق کی کہ مذکورہ ادارے نہ صرف بغیر اجازت کے کام کر رہے ہیں بلکہ بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ رولز کی کھلی خلاف ورزی بھی کر رہے ہیں، جس سے عوامی صحت اور ماحولیات کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔اس کے بعد ریجنل ڈائریکٹر جے کے پی سی سی جموں نے قانونی کارروائی اور بندش کی سفارش کی، جس پر واٹر ایکٹ کی دفعہ 33-A اور ایئر ایکٹ کی دفعہ 31-A کے تحت انہیں فوری بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔حکم نامے میں جے پی ڈی سی ایل الیکٹرک ڈویڑن رام بن کو بجلی منقطع کرنے جبکہ جل شکتی محکمہ کو پانی کی سپلائی بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن کو حکم پر عملدرآمد کی نگرانی سونپی گئی ہے، جبکہ جے کے پی سی سی کے ڈویژنل آفیسر رام بن کو اس کارروائی پر عمل یقینی بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔یہ حکم نامہ مجاز اتھارٹی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور اس پر ڈاکٹر آر۔ گوپیناتھ، آئی ایف ایس، ممبر سیکریٹری، جے کے پولیوشن کنٹرول کمیٹی کے دستخط موجود ہیں۔