عظمیٰ نیوزسروس
ریاسی//گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی کی جانب سے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رجحان کے تدارک کے لیے ایک مؤثر کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ کے والدین سے براہِ راست رابطہ قائم کر کے منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور معاشرے میں مشترکہ ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا تھا۔پروگرام کے دوران کالج کی فیکلٹی پر مشتمل دو ٹیموں نے مختلف علاقوں میں جا کر طلبہ کے گھروں کا دورہ کیا اور ان کے والدین سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال، اس کے نقصانات اور نوجوان نسل پر اس کے منفی اثرات پر کھل کر گفتگو کی گئی۔ فیکلٹی ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ ابتدائی سطح پر نشاندہی اور روک تھام میں والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔والدین کو تلقین کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کی روزمرہ سرگرمیوں، دوستوں کے حلقے اور رویوں میں آنے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھیں تاکہ کسی بھی مشکوک صورتحال میں بروقت اقدام کیا جا سکے۔ اس آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت سلال، سلال کوٹلی، سار میگا اور کانتھن کے علاقوں کا احاطہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس مہم میں شامل کیا جا سکے۔مزید برآں، فیکلٹی نے والدین کو عملی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جن کے ذریعے وہ گھر کے ماحول کو مثبت، معاون اور مکالمے پر مبنی بنا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں اور خاندانوں کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانا بھی تھا تاکہ طلبہ کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس سرگرمی میں ڈاکٹر عمر حبیب، پروفیسر پوجا دھیمن، پروفیسر انجو دیوی، مسٹر راکیش مینا، پروفیسر انیش گپتا، پروفیسر راحل دتہ، ڈاکٹر رادھیکا رسیال، ڈاکٹر سندیپا اور مسٹر عش بھارتی نے فعال کردار ادا کیا۔یہ پروگرام جی ڈی سی ریاسی کے سماجی شعور، ذمہ داری اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اس کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔