ریاسی //دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے ریاسی میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ڈی بی ٹی کا آغاز کیا اور پہلی قسط کے طور پر 913 مستحقین میں 6 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی ۔ ایم ایل اے گلاب گڑھ ممتاز احمد خان اور متعلقہ محکمہ کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ عبدالحق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی بی ٹی کے ذریعے پی ایم اے وائی کی مالی معاونت براہ راست شفاف طریقے پر لوگوں کے بنک کھاتوں میں جمع کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کو اس معاونت کے علاوہ 50 ہزار اور 30 ہزار روپے کی دو قسطیں دی جائیں گی ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں کی جانچ کر کے مستحقین کی تازہ فہرست تیار کریں تا کہ سکیم کے رہنما خطوط کو پورا کیا جا سکے ۔ وزیر نے پہلی قسط حاصل کرنے کیلئے مستحقین کو مبارکباد دی اور اُن پر زوردیا کہ وہ یہ رقم صرف رہایشی یونٹ تعمیر کرنے میں ہی استعمال کریں ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے گلاب گڑھ نے ضلع میں محکمہ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ عبدالحق خان نے بعد میں ارناس اور مہور میں عوامی میٹنگوں کا انعقاد کیا ۔ جن کے دوران لوگوں نے اپنے اپنے مسائل وزیر کے نوٹس میں لائے ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام مسائل مرحلہ وار بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔