شاہ نواز
ریاسی // محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ضلع ریاسی میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ دن بھر کی شدید بارش کے نتیجے میں متعدد مقامات پر پسیاں اور بھاری پتھر گرنے کے واقعات پیش آئے، جس سے آمدورفت مکمل طور پر متاثر رہی۔ریاسی،ارناس،مہور گریف سڑک دمن اور ملائی نالہ کے مقام پر بھاری پتھر گرنے سے کئی گھنٹوں تک بند رہی، جسے شام کے وقت بڑی مشکل سے بحال کیا گیا۔ اسی طرح درماڑی سے لانچہ بدھن جانے والی پی ایم جی ایس وائی سڑک پر پرانا جندر نالہ کے مقام پر ایک بھاری پسی گرنے کے ساتھ ساتھ نالہ میں پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی۔
سب ڈویژن درماڑی کی پرتھ کوٹ سے چلدھ جانے والی پی ایم جی ایس وائی سڑک بھی پسیاں گرنے کی وجہ سے بند رہی۔ ادھر مہور سے بگہ،گلاب گڑھ،چسانہ جانے والی گریف سڑک جملام کے مقام پر بھاری مڈ سلائیڈ کی وجہ سے متاثر ہوئی، جس سے عام لوگوں کو گھنٹوں تک سفر میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔شدید بارشوں کے باعث سب ڈویڑن مہور اور درماڑی کے کئی علاقوں میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں، جس نے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ مزید جاری رہا تو جانی و مالی نقصان کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ضلع انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر پورے ضلع ریاسی میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھے، جبکہ اعلان کیا گیا ہے کہ 19 اگست کو بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ بچوں اور والدین کو کسی قسم کے حادثے سے بچایا جا سکے۔شدید بارش کے نتیجے میں بجلی سپلائی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سب ڈویڑن مہور اور درماڑی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی تاریں اور ٹرانسفارمر خراب ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقامی عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑکوں کو بحال کیا جائے اور بجلی سپلائی درست کی جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔