راجوری//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے مختلف خطوں سے سماجی و اقتصادی نابرابری کو ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے راجوری ضلع کے حلقہ انتخاب کالا کوٹ کے دلوگرا گاؤں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ متوازی ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ اصول حکومت کی ترقیاتی پالیسی کا ایک حصہ ہے تا کہ ریاست کا اتحاد اور یکجہتی قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام خطوں کی ترقی کے لئے رقومات کی فراہمی میں بھی یکسانیت قائم کی ہے۔راجوری اور پونچھ اضلاع کی تیز تر ترقی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ میڈیکل کالج، مغل روڈ ٹنل، شاکر مرگ سیاحتی پروجیکٹ، بدھل اور شوپیاں سڑک جیسے بڑے پروجیکٹوں کی بدولت ان دو سرحدی اضلاع کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نے انقلاب آئے گا۔لوگوں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کے رد عمل میں وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ فوری نوعیت کے ترقیاتی کاموں کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔کوہلی نے مزید کہا کہ حکومت لوگوں کو سڑک رابطے، پینے کے صاف پانی، بجلی مفت تعلیم اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ بے روز گاروں کو روز گار فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ضلع انتظامیہ راجوری کے اعلیٰ حکام بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔