بانہال//بی جے پی کو ریاست کے پشتینی باشندہ اسناد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر رام بن نے کہا ہے کہ دفعہ 35 اے یا 370جت ساتھ کسی بھی قسم کے کھلواڑ کو قبول نہیں کیا جائے گا کیوں کہ یہ ہمارے تشخص، خود مختاری اور وقار پر براہ راست حملہ تصور کیا جائے گا۔ پارٹی کے بانہال دفتر میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ دفعہ 35Aجموں کشمیر کی شناخت اور یہاں کے مکینوں کے مفادات کی نگہبان ہے اس سے کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہند نے نہ صرف جموں کشمیر کو ایک خصوصی درجہ دیا ہے بلکہ یہ ریاست اور مرکز کے درمیان ایک آئینی پل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے ساتھ کھلواڑ سے یہ پل کمزور ہو جائے گا۔ انہوں نے پی ڈی پی پر بی جے پی کے بانی شیاما پرشاد مکھرجی کے خاکوں میں رنگ بھرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی مخلوط حکومت نے دفعہ370کو مرحلہ وار ڈھنگ سے بے اثر بنانے کے لئے کئی سیاسی اور آئینی قدم اٹھائے ۔ این سی ضلع صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کے خصوصی تشخص کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی اور اسے بچائے رکھنے کے لئے ماضی میں کئی قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی شناخت اور اس کے باشندوں کے مفادات کی حفا ظت کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقعہ پر ضلع نائب صدر محمد افضل وانی، سیف الدین ڈار، بلاک صدور عبدالاحد شان، ریاض احمد میر، عبدالخلیل سوہل، یوتھ لیڈر طارق ڈار مختار احمد اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔