جموں//پشوو بھیڑ پالن محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کہا ہے کہ نبارڈ کی طرف سے مویشی پالن شعبے میں بہتر فنڈنگ سے ریاست کی اقتصادی ترقی کو دوام مل سکتا ہے۔انہوں نے نبارڈ کی طرف سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے دوران ایک میٹنگ میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ میٹنگ میں محکمہ کے ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔نبارڈ اہلکاروں کو زراعت ، پشو و بھیڑ پالن اور منسلک شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیتے ہوئے سامون نے کہا کہ ان شعبوں میں روزگار کے کافی مواقع دستیاب ہیں۔انہوں نے مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری پروگرام چلانے پر زور دیا ۔ میٹنگ میں مجوزہ پروجیکٹوں کی عمل آوری اور مِلک کواپریٹیو سوسائیٹیوں کے لئے فنڈنگ جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر سامون نے موجودہ لیبارٹریوں کی اَپ گریڈیشن ، ویٹرنری ہسپتالوں ، بریڈنگ فارموں اور تربیتی اداروں کو مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ میٹنگ میں چھٹا جموں میں بریڈنگ و ریسرچ فارم کی تعمیر ، اتھواجن ، لیہہ ، کرگل کیموہ اور بجہاڑہ میں ویٹرنری ہسپتالوں کی تعمیر ، داچھی گام سے بھیڑ فارم کی منتقلی ، دسو پانپور میں شیپ سینٹر کی حد بندی اور دیگر پروجیکٹوں کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے تمام پروجیکٹوں کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ داخل کرنے اور مختلف محکموں کے مابین باہمی تال میل پر زور دیا۔