جموں//ریاست میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو استحکام بخشنے اور ٹریفک حادثات کو کم کرنے کیلئے 600 نئی بسیں چلائی جائیں گی ۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اس سلسلے میں کی جا رہی تیاریوں کو حتمی شکل دی ۔ میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما، جوائینٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وکاس شرما ، آر ٹی او جموں دیپ راج ، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ ٹرانسپورٹ مہیش داس ، اے ڈی سی جموں ، ایف اے ایس آر ٹی سی ، جے کے بنک ، آئی سی آئی سی آئی ، پی این بی اور ایچ ڈی ایف سی کے نمائیندوں کے علاوہ پرائیویٹ بس اونرز کے نمائیندے بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ آر ٹی او کشمیر اکرم اللہ ٹاک ، اے ڈی سی سرینگر کے کے سدھا و دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ اس فیصلے کے تحت جن پرائیویٹ بس اوپریٹروں کے پاس 15 سے 25 سال پرانی گاڑیاں ہوں اُنہیں نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے 25 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ ان اوپریٹروں کو نئی گاڑی خریدنے کیلئے سبسڈی کے طور پر 5 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے بشرط یہ کہ وہ اپنے پرانے پرمٹ اور رجسٹریشن نئی گاڑیوں میں منتقل کریں گے ۔ اسی طرح ایس آر ٹی سی کیلئے آرامدہ بسیں خریدنے کیلئے 35 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ایس آر ٹی سی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف جگہوں کیلئے ٹور پیکج و خدمات شروع کریں ۔
ریاست میں پبلک ٹرانسپورٹ کو استحکام ،600 نئی بسیں فراہم کی جائیں گی
