سرینگر//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا ہے کہ حکومت نے ریاست میں سیاحتی صنعت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لئے کئی سکیمیں دردست لی ہیں۔مشیرموصوف نے ان باتوں کا اظہار کشمیر ہوٹیلرس کلب اور پی ایچ ڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس بات کیلئے پُر عزم ہے کہ ریاست میں سیاحتی صنعت اور اس سے جڑے افراد کی ترقی کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں تاکہ ریاست کی اقتصادی حالت کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔وفد نے مشیر کو کشمیر میں ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی اور ان کیلئے ایک مناسب پیکیج کی مانگ کی۔وفد نے مشیر موصوف سے درخواست کی کہ وہ فائنانس محکمہ کو ایس آر او 519-521 پر نظر ثانی کرنے کے احکامات دیں۔جو دیگر معاملات اس موقعہ پر مشیر کی نوٹس میں لائے گئے اُن میں کشمیر ہوٹل مالکان کے حق میں بینک قرضوں پر سود معاف کرنا بھی شامل ہے۔مشیر موصوف نے وفو د کو یقین دلایا کہ اُن کی نوٹس میں لائے گئے تمام معاملات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔بعدمیں جے اینڈ کے گڈس ٹرانسپورٹ کمپینز ایسو سی ایشن پارم پورہ کے ایک وفد نے بھی کے کے شرما کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے کئی مسائل اُن کی نوٹس میں لائے۔میٹنگ میں جو معاملات اُٹھائے گئے اُن میں ڈرنیج نظام کا فقدان، اندرونی سڑک رابطوں کی کمی اور سڑکوں کی نان میکڈامائزیشن وغیرہ شامل ہیں۔دریں اثنا جے اینڈ کے سٹیٹ جوائنٹ کمیٹی آف گریجویٹ انجینئرنگ ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے بھی مشیر کے ساتھ ملاقات کر کے کئی معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔