جموں//ریاست جموں وکشمیر نے سوبھاگیہ سکیم کے تحت ملک میں پہلی ریاست کے طور پر صد فیصد گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے’’ سوبھاگیہ ایکسی لینس ایوار‘‘ڈ حاصل کیا۔ یہ ایوارڈ گورنر کے مشیر کے کے شرما ، کمشنر سیکرٹری پاورڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار اور ان کی ٹیم کو نئی دہلی میں پاور منسٹرز کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر برائے بجلی آر کے سنگھ نے ریاست کے صد فیصد گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے سلسلے میں پیش کیا۔اس ایوارڈ میں100 کروڑ روپے کی رقم ریاست جموں وکشمیر کو بجلی کی تقسیم کاری اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لئے دی گئی۔ اس کے علاوہ جے کے پی ڈی ڈی ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے50 لاکھ روپے کا نقد انعام بھی دیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس منصوبے کی کامیابی محکمہ کی لگاتار کوششوں اور بہتر منصوبہ بندی کی بدولت ممکن ہوسکی۔جے کے پی ڈی ڈی کی نوڈل ٹیم نے اس موقعہ پر بتایا کہ مشکل ترین دیہاتوں تک بجلی پہنچانے کے لئے تکنیکی مہارت کا استعمال کیا گیا اور اس مقصد کے حصول کے لئے آئی آئی ٹی چنئی کے شراکت داروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔جے کے پی ڈی ڈی ٹیموں نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے دیگر محکموں، گرام سیوکوں، محکمہ مال کے ملازمین اور عوامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ بنائے رکھا۔اس کے علاوہ بجلی کنشکنوں کی واگذاری میں تیزی لانے کے لئے محکمہ نے موبائل ایپ جیسے گرام جیوتی دُوت/ اُرجا وستار کا بھی استعمال کیا۔ریاست میں صد فیصد بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ نے جموں وکشمیر کے تمام 22 اضلاع میں خصوصی الیکٹری فکیشن وہیکل( سوبھاگیہ رتھ) کا بھی آغاز کیا۔دریں اثنا چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ریاست جموں وکشمیر کے محکمہ بجلی کو صد فیصد گھرانوں تک بجلی پہنچانے پر مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گورنر انتظامیہ اور جے کے پی ڈی ڈی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے یہ پروجیکٹ مقررہ مدت سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچا۔