جموں میں ریاستی گورنرکے مشیرخورشیدگنائی کے ساتھ مختلف وفودنے ملاقات کی جن میں چیمبرآف کامرس ،جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ، تیلی ویلفیئر ایسوسی ایشن ، ایس سی /ایس ٹی /اوبی سی کنفیڈریشن وغیرہ کے وفودشامل تھے۔اس دوران وفودنے اپنے مسائل ومطالبات کے بارے میں خورشیدگنائی کوجانکاری دی اورانہیں میمورنڈم پیش کرکے ان کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کامطالبہ کیا۔
چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹر
جموں//جموں چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راکیش گپتا کی سربراہی میں ایک وفد ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوا اورصنعت و حرفت کے شعبہ میں لوگوں کودرپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انہیں مطالبات پرمبنی یاداشت پیش کی۔اس دوران راجیو گپتا‘،نائب صدر منیش گپتا اورآشو گپتا نے پیش کردہ میمورنڈم میںمطالبہ کیاہے کہ فروٹ منڈی نروال جموں تک ٹرانسپورٹ کی آواجاہی کویقینی بنانے کیلئے لازمی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اس امرپربھی زوردیاہے کہ توی ندی پرمصنوعی جھیل کے پروجیکٹ کے کام میں سرعت لائی جائے ۔ چمبرآف کامرس کے وفد نے موصوف مشیر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس عزم کو بھی دوہرایا کہ ماتاویشنو دیوی ‘شاہدرا شریف اورنگالی صاحب کے مقدس مقامات کو بھی سیاحتی مراکز بنایا جائے تاکہ لوگوں کے بھائی چارے کوتقویت ملنے کے ساتھ ساتھ سیاحتی افزا مقامات کو فروغ مل سکے۔ اس دوران وفدنے اعادہ کیاکہ فروٹ منڈی مارکیٹ نروال کوجدید اورسائنسی طورپر لیس سہولیات کی غرض سے800کنال اراضی پرتجویزمنڈی کوحتمی شکل دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں جوکہ اس وقت صرف326کنال اراضی پر ہی مشتمل ہے جبکہ محکمہ ریلوے نے200کنال واپس لی جبکہ مزید 125کنال کی اراضی محکمہ جنگلات کے زیر تصرف ابھی بھی برقرار ہے اور باقی کچھ بچی کھچی محکمہ مچھلی پالن ۔بینکوں اوراین ایچ پی سی کے پاس ہے ۔ وفود نے یہ بھی آگاہ کیاہے کہ ہرروز 10ہزار سے لیکر15ہزار لوگ منڈی کادورہ کرتے ہیں جن میں کاروباری ۔آمد درآمد کرنے والے تاجر اورفروٹ گرورس شامل ہیں جن کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو مستحکم بنانے کی ضرورتوں پرزور دیا جائے۔
جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ
جموں//جموںویسٹ اسمبلی مومنٹ کے صدرر سنیل ڈمپل نے ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقات کرکے مطالبات پرمشتمل میمورنڈم پیش کیا جس میں انہوںنے پرزورمطالبہ کیا کہ ریاستی اسمبلی کو فوری طورپر تحلیل کیاجائے ۔اس کے علاوہمہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری چھٹی کرنے کی مانگ کو بھی دوہرایا۔ وزیراعظم ‘ وزیرداخلہ کے نام پر پیش کردہ میمورنڈم میں سنیل ڈمپل نے محبوبہ مفتی اور مظفر بیگ کی جانب سے ملک مخالف بیان پر کارروائی عمل میں لانے کا بھی مطالبہ کیاہے ۔مطالبات کی طویل فہرست پر مبنی میمورنڈم میں ڈمپل نے جموںمیں زیرالتوا میں ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سرعت سے تیزی لانے پر بھی زوردیا ہے۔ انہوںنے گورنر کے مشیر خورشید گنائی کیساتھ کئی دیر تک تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی سابق ریاستی سرکار نے عوام کے شب حق پرخون مارا ہے اورتمام عوام کے مسائل جوں کے توں لٹکے ہوئے ہیں جن کی طرف توجہ دیناضروری بن گیاہے۔ انہوںنے مزیدکہاہے کہ اب ریاست میں گورنر کارول نافذ ہوچکاہے اور ملک کے باغیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کی امیدکی جاسکتی ہے۔سنیل ڈمپل نے سرگرم ملی ٹینٹ گروہوں لشکر طیبہ اورجیش محمد اور ملک دشمن عناصروںکے ساتھ سختی سے نمٹنے کی بھی مانگ کی ۔
تیلی ویلفیئر ایسوسی ایشن
تیلی ویلفیئر کمیٹی کاوفد ایڈوکیٹ محمدلطیف ملک کی قیادت میں ریاستی گورنرکے مشیر خورشیدگنائی سے ملاقی ہوا۔اس دوران وفدنے اوبی سی اورتیلی برادری کی دیرینہ مانگوں کوپوراکرنے کامطالبہ کیا۔اس موقعہ پر مشیربرائے گورنرکوبتایاکہ گیا اوبی سی کیلئے 4.5لاکھ روپے کی سالانہ آمدن رکھنے، اوبی سی طبقہ کیلئے گوجربکروال ہوسٹلوں کی طرز پرہوسٹل قائم کرنا، اوبی سی طبقہ کوریزرویشن دیناوغیرہ مطالبات شامل تھے۔ اس دوران وفدمیں محمدیونس راہی ،گل شیر خان، امجدملک، مقبول حسین،شبیرملک ودیگران بھی موجودتھے۔
ایس سی /ایس ٹی /او بی سی کنفیڈریشن
جموں // آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی/ایس ٹی/ او بی سی تنظیموں کا ایک وفد زیر قیادت ریاستی صدر آر کے کلسوترہ نے گورنر کے مشیر خورشید گنائی سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے طویل گفتگو کے بعدبتایا کہ ریزرویشن ایکٹ اور ترقیوں میں ریزرویشن کو لاگو کرنا وقت کی ضرورت ہے ،جسکے لئے وفد نے ایک آر ڈی ننس جاری کیا جائے،تاکہ2015کے بعد روکی پڑی ترقیوں میں بھی ریزرویشن کو لاگو کیا جا سکے۔وفد نے انکم سلیب میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔وفد نے گورنر کے مشیر کو ٹائئیگور ہال ،سرینگر میں 19 اگست2018کو منعقد ہو رہے کنوینشن کے لئے مدعو بھی کیا ،۔مشیر نے وفد کو بغور سُںا اور یقین دیا کہ انکے جائز مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔ وفد میں بنسی لعل، چودھری محمد اشرف، چودھری بشیر، کلدیپ کمار، نریش لنگہیی ،دینا ناتھ، سوشیل سمیال، محمد شفیع، سوداگر مل، مہندر کمار ،انیل بھاروداج و دیگران شامل تھے ۔